پاکستان

علاقائی نیوز

بین الاقوامی

کالم

سپورٹس

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماءعمر ریاض عباسی کو گرفتار کرنے کے تھوڑی دیر بعد رہا کر دیا

اسلام آباد (اے این ایف نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماءعمر ریاض عباسی کو گرفتار کرنے کے تھوڑی دیر بعد رہا کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی کو پولیس نے بارہ کہو سے ایف 8 کچہری جاتے ہوئے راستے سے گرفتار کرلیا تاہم کچھ دیر بعد انہیں چھوڑ دیا گیا ۔پاکستان عوامی تحریک کے رہنماءرحیق عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رہنماﺅں اور کارکنان کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں،حکومتی اقدامات سے صاف پتہ چل رہا ہے کہ حکمران مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہیں ،اب تک ہمارے 25 ہزار سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

تحریک انصاف کے کارکنوں نے خیموں میں مورچے کھودنا شروع کر دئیے

اسلام آباد(اے این ایف نیوز )تحریک انصاف کے کارکنوں نے خیموں میں مورچے کھودنا شروع کر دئیے ہیں ، کارکنوں کا کہنا ہے کہ مورچے پولیس کی جانب سے ممکنہ کریک ڈاﺅن سے بچنے کیلئے کھودے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کا پریڈ ایونیو میں دھرنا جاری ہے اور پارٹی کارکنوں نے خیموں میں مورچے کھودنا شروع کر دئیے ہیں۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ مورچے پولیس کی جانب سے ممکنہ کریک ڈاﺅن سے بچنے کیلئے کھودے جا رہے ہیں ، پولیس گولیاں مارتی ہے اس لئے مورچہ کھودا ہے، اگر ہم کریک ڈاﺅن میں مرگئے تو ہماری قبربھی یہیں ہوگی ،کھودے جانے والے مورچے کی اونچائی چھ فٹ جبکہ چوڑائی چار فٹ ہے۔

پنجابی طالبان کی جانب سے پرتشدد کارروائیاں ختم کرنے پر پاک فوج اور پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے


اسلام آباد (اے این ایف نیوز) سابق صدر پرویز مشرف اور آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے پنجابی طالبان کی جانب سے پرتشدد کارروائیاں ختم کرنے و تعمیری اور تبلیغی کام کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاک فوج اور پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے، سیاسی حکومت کو بھی پاک فوج کے ہاتھ مضبوط کر کے ملک میں سیاسی استحکام کےلئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کر کے انکے جمہوری حق سے محروم کرنا کہاں کی جمہوریت ہے،یہ تو مارشل لاء کی بدترین مثال ہے ، لگتا ہے کہ حکومت مذاکرات کے نام پر جان بوجھ کر معاملے کو طول دے رہی ہے تا کہ اسکی نا اہلیاں دھرنوں کی آڑ میں قوم کے سامنے نہ آ سکیں، ”خادم اعلیٰ پنجاب“ کی وجہ سے پنجاب ایک بار پھر پانی میں ڈوب چکا ہے جبکہ وزیراعظم کو شاید اندازہ ہی نہیں کہ قوم مہنگائی اور بجلی، گیس کے بلوں سے کتنی پریشان ہے، اب عوام کو ہر وقت میرا دور ضرور یاد آتا ہو گا۔آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد سے ٹیلیفونک بات چیت کر تے ہوئے پرویز مشرف کاکہناتھاکہ اس وقت بھی ملک کو بے باک نڈر، دیانتدار سیاسی قیادت کی ضرورت ہے جو اپنے محل اور فیکٹریاں بچانے کی بجائے غریب کی جھونپڑی کو بچانے کو ترجیح دیں۔ پرویز مشرف نے کہا کہ پاک فوج نے جس طرح آپریشن ضرب عضب کو کامیاب بناتے ہوئے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ انتظامی معاملات کا عالم یہ ہے کہ وزیرا عظم بمعہ وفاقی کابینہ اس بات سے ہی لا علم ہیں کہ ملک بھر میں اربوں روپے کے بجلی کے اضافی بلز آچکےہیں، وفاقی وزرائ ، وزیراعظم سے بلوں کی فریاد کررہے ہیں۔

وزیر اعظم جہاں جہاں جائیں گے وہاں ’گو نواز گو‘ کے نعرے لگیں گے


اسلام آباد(اے این ایف نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے قائد علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، یہاں تک کے ہماری مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کے خلاف بھی مقدمے درج کر لئے گئے ہیں، اسی وجہ سے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات فوری طور پر ختم کر دیئے ہیں، اب حکمران خونی انقلاب سے ڈریں۔ انقلاب مارچ کے دھرنے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے ذمہ دار حکمران ہیں، جنہوں نے اس سے نمٹنے کے انتظامات نہیں کئے تھے، اب لوگوں کے گھر اجڑ گئے ہیں اور وہاں ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اب وزیر اعظم جہاں جہاں جائیں گے وہاں ’گو نواز گو‘ کے نعرے لگیں گے۔ جعلی الیکشن کمیشن کے ذریعے کروئے جانے والے انتخابات کے نتیجے میں جعلی پارلیمنٹ وجود میں آئی، جس کے اراکین اندھے، بہرے اور گونگھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات مجھ تک پہنچی ہیں مگر ہمارے خلاف کریک ڈاون کی وجہ سے مذاکرات معطل کر دیئے ہیں۔ یہ پاکستان ۱ٹھارہ کروڑ عوام کا ہے کسی ایک خاندان کا نہیں ہے اور اب یہ خاندان اس عوام کے غصے کا سامنا کرنے کے لئے تیارر ہے۔طاہر القادری نے حکومتی وزراء کو دعوت دی کہ وہ یہاں آئیں اور عوام کا حال دیکھیں، میں ان کو حفاظت کی ضمانت دیتا ہوں، اگر عوام کو مطمئن کر دیں تو میں یہ دھرنا ختم کر دوں گا۔

سعد رفیق بھی اپنی سیٹ دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتے

اسلام آباد(اے این ایف نیوز)پارلیمنٹ کے اجلاس میں خطاب کے دوران وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے عمران خان پر لگائے گئے الزامات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے کی جانب سے لگائے گئے الزامات سے ان کی خواندگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ پارٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ سعد رفیق ، عمران خان کی کردارکشی کر رہے ہیں اور ان کے بارے میں یہ حقیقت واضح ہو چکی ہے کہ وہ اپنی سیٹ تک بھی دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتے۔


حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، چینی، دالیں اور صابن سمیت درجنوں ضروری اشیاءپر سبسڈی ختم کر دی

اسلام آباد (اے این ایف نیوز) حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، چینی، دالیں اور صابن سمیت درجنوں ضروری اشیاءپر سبسڈی ختم کر دی ہے جس کے بعد ان اشیاءکی قیمتیں مارکیٹ کے برابر آ گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چینی کی قیمت 6 روپے فی کلو اضافہ کے ساتھ 60 روپے کلو ہو گئی ہے اور آٹا 40 روپے فی تھیلا مہنگا کر دیا گیا جبکہ صابن کی قیمت میں بھی 2 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی فیصلے کے بعد درجنوں اشیاءکی قیمتیں مارکیٹ ریٹ کے برابر ہو گئی ہیں۔

گو عمران گو

اسلام آباد (اے این ایف نیوز) وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگ وزیراعظم نواز شریف سے بے پناہ محبت کرتے ہیں،حویلی میں گو عمران گو کے نعرے لگے۔ انہوں نے گزشتہ روز ویب سائٹ پر وزیراعظم کے دورہ آزاد کشمیر کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آزاد کشمیر میں حویلی کا پورا علاقہ نواز شریف کے استقبال کیلئے باہر نکل آیا اور پوری وادی ”جئے نواز شریف“ کے نعروں سے گونج اٹھی، وزیراعظم نواز شریف کے جذبات اور محبت لوگوں کو ان کے قریب لائی۔

طاہرہ آصف اور ہینڈری مسیح قتل کیس کے پیچھے دو بڑے ایم این ایز اور ایک پولیس افسر تھا

اسلام آباد (اے این ایف نیوز) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ طاہرہ آصف اور ہینڈری مسیح قتل کیس کے پیچھے دو بڑے ایم این ایز اور ایک پولیس افسر تھا،دھرنا ختم ہو گیا تو میری تو شام ہی نہیں گزرے گی۔وفاقی دارلحکومت میں دھرنے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کارکنوں کا جنون دیکھ کر میری عمر 20 سال کم ہو گئی، لوگوں کی اکثریت نے ایس ایم ایس کرکے کہا کہ استعفے کے بغیر نہیں جانا لہذا جتنے مرضی مذاکرات کر لیں ہم استعفے کے بغیر جانے والے نہیں ہیں ، 30 دن دھرنا زندہ قوم ہی دے سکتی ہے۔ نواز شریف صبر کریں ابھی استعفیٰ نہ دیں ہمیں دھرنے کو لمبا کرنے دیں، اربوں کی چوری کرنےوالوں کو ڈاکو نہ کہوں تو کیا کہوں؟، لوگ کھڑے ہوںتو حقوق ملتے ہیں۔ قائداعظم کا پاکستان بنانے کےلئے سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چار حلقے کھل گئے تو دھاندلی کی گیم کھل جائیگی، نواز شریف ایک ماہ کیلئے کرسی نہیں چھوڑ سکتے، پنجاب میں نواز شریف، سندھ میں پیپلز پارٹی اور کراچی میں ایم کیو ایم نے دھاندلی کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دوستوں، رشتہ داروں کو پوزیشن نہیں دی جائیں گی، چاہتا تو میانوالی میں اپنے رشتہ دار کو ٹکٹ دیتا۔ انہوں نے طاہرہ آصف اور ہینڈری مسیح قتل کیس کے ملزمان کے بارے میں انکشاف کیا کہ ان دونوں کے قتل کے پیچھے دو بڑے ممبر قومی اسمبلی اور ایک پولیس افسر تھا، دونوں سیاستدان لاہور سے تعلق رکھتے تھے۔ ہینڈری مسیح کوئلے کی کانوں اور طاہرہ آصف کچی بستیوں پر آواز اٹھا رہے تھے۔ ہفتے کو ان کے قاتلوں کے نام بتاﺅں گا۔

Top