پاکستان

علاقائی نیوز

بین الاقوامی

کالم

سپورٹس

موسم بدلتے ہی ڈینگی نے بھی اپنے ”ڈنگ“ تیز کرلیے

لاہور(اے این ایف نیوز) موسم بدلتے ہی ڈینگی نے بھی اپنے ”ڈنگ“ تیز کرلیے ہیں اور مزید سات مریضوں میں ڈینگی وائس کی تصدیق ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق نئے مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ میوہسپتال میں زیرعلاج ہیں ۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق ڈینگی وائر س کے مجموعی مریضوں کی تعداد53تک پہنچ گئی ہے ،مزید دومہینے ڈینگی وائرس پھیلنے کاخدشہ ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔

نسیم صادق ،کی ہدایت پر فلڈ ریلیف ویٹرنری ٹیمیں ضلع جھنگ اور چنیوٹ کے سیلابی علاقوں میں بھجوائی دی گئیں

فیصل آباد( اے این ایف نیوز)سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب نسیم صادق کی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر مویشیوں کے علاج معالجہ کے لئے محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کی طرف سے 10فلڈ ریلیف ویٹرنری ٹیمیں ضلع جھنگ اور چنیوٹ کے سیلابی علاقوں میں بھجوائی گئی ہیں۔یہ ٹیمیں ای ڈی او(زراعت)ڈاکٹراشتیاق حسن اورڈی اولائیوسٹاک ڈاکٹرحیدر علی نے لائیوسٹاک آفس سے روانہ کیں۔ای ڈی او(زراعت)نے بتایا کہ پانچ ویٹرنری کیمپس ضلع چنیوٹ اور پانچ ویٹرنری ٹیمیں ضلع جھنگ کے سیلابی علاقوں میں متحرک رہیں گی۔انہوں نے بتایا کہ ہر ٹیم میں ایک ویٹرنری ڈاکٹراوردوویٹرنری اسسٹنٹس شامل ہیں جنہیں جانوروں کے لئے طبی امداد کے سلسلے میں ضروری ادویات بھی فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع چنیوٹ کے فلڈ ریلیف ویٹرنری سکوارڈ کے انچارج ڈاکٹرلیاقت علی خان اور جھنگ کے لئے ڈاکٹرسید فرخ ریاض کو مقرر کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کے مطالبات آئینی ہیں، محمد جمیل،صدرپاکستان جمہوری اتحاد

لاہور( اے این ایف نیوز ) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کے مطالبات آئینی ہیں اورآئین ہر کسی کوپرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے ،ایک بیان میں انہوں نے کہا حکمران دھرنا دینے والی جماعتوں سے مذاکرات میں قطعی سنجیدہ نہیں اور حکومتی رویہ کے باعث ان مذاکرات کا کبھی کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، انہوں نے کہا پارلیمان میں اسوقت کوئی اپوزیشن نہیں ،پیپلز پارٹی بھی آئین اور جمہوریت کے نام پر مسلم لیگ(ن) کیساتھ ہی کھڑی ہے البتہ پاکستان عوامی تحریک اور پی ٹی آئی پارلیمان سے باہر اپوزیشن کا کردار ضرور ادا کررہے ہیں،انکا کہنا تھا کہ پی ٹی وی میں گھسنے والوں کی تو گرفتاریاں شروع کی جارہی ہیں مگر سپریم کورٹ پر حملے کے ملزمان آج اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں ،ملک میں عدل و انصاف کی بالادستی کیلئے نہ صرف سپریم کورٹ پر حملے کے ملزموں کوگرفتار کیاجائے بلکہ زرداری دور میں لوڈشیڈنگ کی آڑ میں واپڈا تنصیبات کی توڑ پھوڑ اور تھانوں کو نذر آتش کرنیوالے ملزموں کوبھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، انہوں نے کہاحکمران دو تہائی سے بھی زائد مینڈیٹ رکھنے کے باوجود انجانے خوف میں مبتلا ہیں اور اہم قومی ایشوز پر توجہ ہی نہیں دی جارہی،بجلی چوری کی سزا میں اضافے کے بل کے حوالے سے انہوں نے کہابجلی چوری میں ملوث بڑے مگر مچھ خود حکومتی صفوں میں موجود ہیں جنہیں کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔ 

وطن عزیز کو درپیش ہمہ نوعیت کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے بہترین ذہانت اور عمدہ صلاحیتوں کی ضرورت ہے، مجتبیٰ شجاع الرحمن



فیصل آباد( اے این ایف نیوز)صوبائی وزیر خزانہ،ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو درپیش ہمہ نوعیت کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے بہترین ذہانت اور عمدہ صلاحیتوں کی ضرورت ہے اور یہ کمی ہونہار اورذہین طالب علم سائنس و ٹیکنالوجی کے علوم پر دسترس حاصل کرکے پوری کرسکتے ہیں۔انہوں نے یہ بات بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن کے زیراہتمام انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے موقع پر بورڈ کے ہال میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔اراکین صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل،میاں محمد رفیق،چوہدری امجد علی جاوید،ڈی سی اونورالامین مینگل،چےئرمین بورڈ پروفیسر غلام محمد جھگڑ،سیکرٹری پروفیسر حامد خلیل،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر،مختلف کالجز کے پرنسپلز،پروفیسرز،ماہرین تعلیم،والدین اور طلباء وطالبات بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر نے پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات،انکے اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے علم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح بنا رکھا ہے اس مقصد کے لئے رواں مالی سال میں مجموعی بجٹ کا 26فیصد تعلیم کے لئے مختص کیا گیا ہے کیونکہ جہالت کا خاتمہ کئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہم آج پوزیشن ہولڈرزذہین وباصلاحیت طالب علموں کو انعامات سے نوازنے کی تقریب منعقد کررہے ہیں ۔

کھلے ذہن کے ساتھ ایک موثر اور مدلل تحقیقی آئیڈیابلاشبہ فنڈنگ کیلئے موزوں ترین قرار دیا جاتا ہے، ڈاکٹر تھامس ، یونیورسٹی آف کیلی فورنیا

فیصل آباد ( اے این ایف نیوز)تحقیقی شعبہ میں اچھوتے آئیڈیازاور نئی اختراعات کا احاطہ کرنے والا منصوبہ ہی فنڈنگ ایجنسی کومتاثر کرتے ہوئے معاشرے میں آسانی کی بنیاد فراہم سکتا ہے کیونکہ مسابقتی دور میں ذہن و قلب میں موجود خیالات کا بہترین اظہار کرنے والی ابلاغیاتی مہارتوں سے مہمیزافراد کی یقینی کامیابی حاصل کر پائیں گے۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرارا حمد خاں نے AIPپاکستان گرانٹ رائٹنگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ آج یونیورسٹی میں 400سے زائد پی ایچ ڈی سکالرز تحقیقی پیش رفت میں مصروف ہیں جبکہ یہ تعداد آئندہ 15برسوں میں 800سے تجاوز کر جائے گی لہٰذا یونیورسٹی انتظامیہ 2030ء کیلئے 8ارب روپے کے ریسرچ پورٹ فولیو کیلئے ہوم ورک میں مصروف ہے۔ یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں ڈائریکوریٹ آف ریسرچ ‘ انوویشن و کمرشلائزیشن کے زیراہتمام یونیورسٹی آف کیلی فورنیا ڈیوس امریکہ کے اشراک سے منعقدہ ورکشاپ میں ڈاکٹراقرار احمد خاں نے کہاکہ امریکہ نے آئندہ 35برسوں کیلئے آبادی کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی غذائی ضروریات کیلئے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے لہٰذا پاکستان کو بھی اس حوالے سے خاطر خواہ اقدامات بروئے کار لاناہونگے کیونکہ تیزی سے کم ہوتے وئے زرعی رقبے کے پیش نظر ہمیں فی ایکڑ پیداوار کو کم سے کم دوگنا کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہونگے۔ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے ڈاکٹر تھامس نے کہا کہ کھلے ذہن کے ساتھ ایک موثر اور مدلل تحقیقی آئیڈیابلاشبہ فنڈنگ کیلئے موزوں ترین قرار دیا جاتا ہے تاہم اس کے دفاع میں موثر ابلاغیاتی مہارتیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب سے ‘ واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی کے سمول سیمی اور ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر آصف علی نے بھی خطاب کیا۔

متاثرین سیلاب کی امداد کے لئے،ضلعی انتظامیہ کی طرف سے غذائی اشیاء پر مشتمل17ٹرک ضلع جھنگ،چنیوٹ اور حافظ آباد روانہ

فیصل آباد( اے این ایف نیوز)ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مخیر حضرات کے تعاون سے متاثرین سیلاب کی امداد کے لئے غذائی اشیاء پر مشتمل17ٹرک ضلع جھنگ،چنیوٹ اور حافظ آباد بھیجئے گئے ہیں۔یہ ٹرک صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے الفتح سپورٹس کمپلیکس اور کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس سے روانہ کئے۔ایم پی اے میاں طاہر جمیل،ڈی سی اونورالامین مینگل،ڈی او(سی) شفیع اللہ خاں،ای ڈی او(زراعت)ڈاکٹر اشتیاق حسن،ڈی او لائیوسٹاک ڈاکٹرحیدر علی خاں،ڈی او سپورٹس طارق نذیر ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ غذائی اشیاء کے امدادی پیکٹس میں چاول،دالیں،چینی،چائے کی پتی،منرل واٹر کے علاوہ صابن،ماچس کے پیکٹس اور روزمرہ استعمال کا دیگر سامان شامل ہے۔صوبائی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے متاثرین سیلاب کی امداد اوربحالی کے لئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور وزیرعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف متاثرہ علاقوں کا بار بار دورہ کرکے امدادی کاررائیوں کی نگرانی کررہے ہیں جو کہ متاثرین سیلاب سے گہری ہمدردی کا ثبوت ہے جس کی بدولت سیلاب زدگان کی مشکلات کم اوران کی جلد بحالی کے لئے تیز رفتار ریلیف آپریشن ممکن ہوا ہے۔صوبائی وزیر نے متاثرین سیلاب کے لئے بڑی تعداد میں امدادی سامان جمع کرنے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ آفات اور آزمائش کی کسی بھی گھڑی میں فیصل آباد کے مخیر حضرات امدادی سرگرمیوں میں ہمیشہ صف اول میں رہے ہیں۔ڈی سی اونورالامین مینگل نے بتایا کہ اس سے قبل فیصل آباد کے عوام کی طرف سے غذائی اشیاء اور ادویات کے23ٹرک ضلع جھنگ اور چنیوٹ میں روانہ کئے جاچکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ غذائی سامان کے مضبوط پیکٹس تیار کئے جاتے ہیں تاکہ یہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے تقسیم کے دوران محفوظ رہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ پڑوسی اضلاع جھنگ اور چنیوٹ میں فیصل آباد انتظامیہ کی طرف سے فلڈ کنٹرول اور ریلیف کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جارہے ہیں۔محکمہ صحت اور لائیوسٹاک کی ٹیمیں بھی سیلابی علاقوں میں روانہ کردی گئی ہیں جبکہ ضلع جھنگ میں بھکرروڈ پر علی آباد کے قریب ضلع فیصل آباد کا فلڈ کنٹرول اور ریلیف سنٹر بھی کام کررہا ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید 3 افراد میں ڈینگی کے مرض کی تصدیق ہو گئی

لاہور(اے این ایف نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید 3 افراد میں ڈینگی کے مرض کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 37 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 37 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق جن افراد میں ڈینگی کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان کا تعلق لاہور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ سے ہے، ان میں سے دو مریض جنرل اسپتال جب کہ ایک میو اسپتال میں زیرعلاج ہے۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ زیادہ تر افراد کا تعلق لاہوراورشیخوپورہ سے ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ راوی ٹاؤن، فیروز والا، شیخوپورہ اور شاہدرہ سے 80 سے زائد مقامات پر ڈینگی لاروا ملنے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد ان مقامات کو ہائی رسک قرار دے دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی 5 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جب کہ چند برس قبل ڈینگی کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں میں 150 سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی کے 29 ارکان پارلیمنٹ نے استعفوں کے باوجود ماہ ستمبر میں تنخواہیں اسمبلی سیکرٹریٹ سے وصول کرلی

لاہور (اے این ایف نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی کے 29 ارکان پارلیمنٹ نے استعفوں کے باوجود ماہ ستمبر میں تنخواہیں اسمبلی سیکرٹریٹ سے وصول کرلی ہیں ایک اسمبلی رکن کی بمعہ الاﺅنس ماہوار تنخواہ 45 ہزار روپے بنتی ہے، تنخواہیں وصول کرنے والوں میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید بھی شامل ہیں اور اب تک مستعفی ہونے والے ارکان کو دی جانے والی مراعات بھی ان ارکان نے واپس نہیں کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جب تک ان مستعفی ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے استعفوں پر سپیکر پنجاب اسمبلی ان کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کرتے ہیں تب تک ان ارکان کو تمام تر رکن اسمبلی کی حیثیت سے مراعات حاصل رہیں گی مگر کوئی ارکان اسمبلی اپنی مرضی سے ان مراعات کو نہ لینا چاہے تو یہ اس کی اپنی مرضی ہے یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات 2013ءمیں مبینہ دھاندلی پر 14 اگست سے شروع ہونے والے لاہور سے اسلام آباد تک آزادی مارچ اور پھر اسلام آباد میں دھرنے اور وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کے سلسلہ میں پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی میں 30 ارکان اسمبلی میں سے 29 ارکان نے استعفے دے رکھے ہی ں مگر اب تک قائد حزب اختلاف سمیت ان تمام استعفے دینے والے ارکان پارلیمنٹ نے اب تک اسمبلی سے ملنے والی سہولیات واپس نہیں کی ہیں۔

میری خواہش ہے کہ ’’ بی ایس ایل ‘‘ کی ٹریننگ ہر طالب علم کو لینی چاہیے تاکہ انسانیت کی مدد کی جا سکے، ڈاکٹر ذاکر حسین

فیصل آباد( اے این ایف نیوز) جی سی یونیورسٹی میں شعبہ میڈیکل سائنس کے زیر اہتمام ’’بی ایل ایس ‘‘ کے عنوان سے تین روزہ ورکشاپ کا انعقادکیا گیا ہے۔ ورکشاپ کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولؐ سے ہوا۔ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ’’ بی ایس ایل ‘‘ 200سے زائد طلباء کو ٹریننگ دے چکا ہے۔ جامعہ میں دارالشفاء ڈسپنسری کے طلباء و طالبات کا فری طبی معائنہ اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ اس ورکشاپ سے پہلے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذاکر حسین نے ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل سائنسسز جی سی یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف ایسٹرن میڈیسن کے تحت دارالاحسان فری شفاء خانہ کا بھی افتتاح کیا گیا۔ انہوں نے حکیم ظفر اﷲ کا یونیورسٹی میں فری ڈسپنسری کے قیام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ شخص ہیں جو سرگودھامیں فری ڈسنپسری چلا رہے ہیں انسانیت کی خدمت میں بہت اہم کردار ادا کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ’’ بی ایس ایل ‘‘ کی ٹریننگ ہر طالب علم کو لینی چاہیے تاکہ انسانیت کی مدد کی جا سکے۔اس موقع پر ڈاکٹر ریاض حسین ڈب نے کہا کہ وائس چانسلر تمام شعبہ جات کے طلبا اور اساتذہ کا حوصلہ بڑھاتے ہیں اور انہوں نے ہر معاملات میں ایک نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ رجسٹرار محمد ایوب نے ’’ بی ایل ایس ‘‘ کی ورکشاپ کی افادیت پر روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ اب تک چار ورکشاپ منعقد کی جا چکی ہیں جس میں کچھ اصحاب ایسے بھی ہیں جو لیکچربھی دیتے ہیں اور اپنا آدھا وقت ہسپتالوں میں بھی وقف کرتے ہیں ۔ حکیم ظفر اﷲ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ انسان خلیات کا مرکب ہے اس میں مختلف سیل اور ٹشوز ہوتے ہے مرض خلیات میں ہوتا ہے۔ انسانی خلیات میں خرابی ان سیل اور ٹشو سے ہوتی ہے اس کے عمل کو درست کرنا ہی سائنس ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل سائنسسزکے ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد رشید نے ’’بی ایل ایس‘‘ پروگرام کی اہمیت کو وضاحت سے بیان کیا۔ ڈاکٹر اویس نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ڈاکٹر ذاکر حسین ہمارے لیے بہت اہم شخصیت ہیں جوکہ ہمارے لئے مختلف کورسسز کومنعقد کرواتے ہیں ہمیں حوصلہ دیتے ہیں دکھی انسانیت کی مدد کرنا ہر طبی شعبے کا فرض ہے۔ ریسکیو 1122کے آفیسر دستگیر نے کہا کہ جس نے ایک شخص کی جان بچائی اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی۔ فزیکل تھراپسٹ ڈاکٹر اویس نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ بہت جلد وائس چانسلر ڈاکٹر ذاکر حسین کی قیادت میں یونیورسٹی میں OPDکلینک لیبارٹری ‘ فارمیسی کا آغاز کیا جائیگا۔

رشوت لینے کے الزامات کے خلاف انکوائریاں کرنے کے احکامات جاری :محکمہ اینٹی کرپشن


سرگودھا(اے این ایف نیوز) محکمہ اینٹی کرپشن سرگودہا نے رانا امیر حلقہ پٹواری لالووالی ‘ مہر نذیر احمد پٹواری ‘ گرداور حلقہ اور ریونیو آفیسر ‘ انیس شاہ اور محمد اعجاز سب انسپکٹر کے خلاف رشوت لینے کے الزامات کے خلاف انکوائریاں کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محمد اعظم قوم نسوانہ سکنہ چک نمبر53جنوبی تحصیل وضلع سرگودھا نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا بابر امان بابر کو درخواست دی کہ سائل نے رقبہ 527کنال واقع چک نمبر53شمالی ازاں مسماۃ فاطمہ وبرکھا پسر احمد سے بروئے زبانی معاہدہ بیع یکم اگست 1985 کو خرید کیا۔ بعد ازاں مسماۃ فاطمہ وبرکھا پسر احمد اراضی بحق سائل منتقل کروانے سے انکاری ہو گئے۔ جس پر سائل نے ایک دعویٰ برخلاف فاطمہ وبرکھا پسر احمد دائر کیا جو کہ ڈگری ہوگیا ۔یہ کہ برکھا پسر احمد اور محمد ریاض ولد راجہ نے باہم مشورہ ہو کر اور سائل کو ڈگری سے محروم کرنے کے لئے محمد اشرف ولد سنتا جو کہ پسرنوراں ہے کو مجبور کیا کہ وہ ارضی پسران محمد ریاض کو فروخت کر دے۔ جس پر پٹواری مہر محمد نذیر ،گرداور حلقہ اور ریونیو افسر نے ایک لاکھ روپے رشوت لے کر جعلی سازی کرتے ہوئے رقبہ پسران محمد ریاض ولد راجہ کو منتقل کر دی۔ جس پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا بابر امان بابر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (شکایات)سرگودھاکو انکوائری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ایک اور کیس میں ممتازاحمد قوم بلوچ سکنہ مراد آباد کالونی تحصیل وضلع سرگودھا نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا بابر امان بابر کودرخواست دی کہ عرصہ ایک سال قبل بندہ کے تعلقات الزام علیہ سے تھے۔ الزام علیہ نے سائل کو کہا کہ میرے وائس چانسلر سے اچھے تعلقات ہیں اگرتم مجھے اڑھائی لاکھ روپے دو تو میں تم کو یونیورسٹی میں کلرک لگوا دونگا۔ جس پر سائل نے الزام علیہ کوایک لاکھ روپے بطور رشوت روبرو گواہان دیا۔ کچھ عرصہ بعد جب ملازمت کا پوچھا تو الزام علیہ لیت ولعل کرنے لگا۔ بار بار رابطہ کرنے پر پیسے دینے سے انکاری ہو گیا ہے۔ مدعی کی اس درخواست پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا بابر امان بابر نے سرکل آفیسرسرگودھاکو انکوائری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ایک اور کیس میں خوشی محمد قوم چڈھر سکنہ لالووالی تحصیل وضلع سرگودھا نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا بابر امان بابر کو درخواست دی کہ سائل کا جمعبندی میں رقبہ کم ظاہر کیا گیا تھا۔ اور اس میں 6کنال رقبہ مزید شامل ہونی تھی ۔جب سائل نے مندرجہ بالا پٹواری سے رابطہ کیا تو اس نے کہا کہ فرد بدر کے ذریعہ سے رقبہ پورا ہو گا اوردس ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا۔جو کہ سائل نے روبرو گواہان ادا کر دئیے ۔یہ کہ رشوت لینے کے بعد بھی الزام علیہ نے کام نہ کیا اور مزید رقم کا مطالبہ کر دیا۔ سائل ایک غریب آدمی ہے جو کہ مزید رشوت نہ دے سکتا ہے ۔ مدعی کی اس درخواست پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا بابر امان بابر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (شکایات)سرگودھاکو انکوائری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ایک او رکیس میں ربنواز قوم کھوکھر سکنہ چک 113شمالی تحصیل سلانوالی ضلع سرگودھا نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا بابر امان بابر کو درخواست دی کہ سائل نے تھانہ سلانوالی میں ایک مقدمہ درج کروایا ۔ جس کی تفتیش محمد اعجاز ایس آئی کے سپرد ہوئی ۔ الزام علیہ نے تفتیش میرٹ پر کرنے کے لئے پچاس ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔جس پر سائل نے دس ہزار روپے روبرو گواہان الزام علیہ کو دئیے ۔لیکن رشوت لینے کے بعد بھی الزام علیہ نے سائل کے ساتھ انصاف نہ کیا اور سائل سے رشوت دس ہزار روپے وصول
کی ۔جو کہ سائل کے ساتھ سخت زیادتی ہے۔ مدعی کی اس درخواست پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا بابر امان بابر نے سرکل آفیسر سرگودھاکو انکوائری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

حالیہ سنگین سیلابی صورتحال سے نمبٹنے کیلئے حکومت دن رات کام کررہی ہے:وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف

جھنگ( اے این ایف نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ سنگین سیلابی صورتحال سے نمبٹنے کیلئے حکومت دن رات کام کررہی ہے اور آخری متاثرہ فردکی بحالی تک حکومت کام کرتی رہے گی یہ تاریخ کا سب سے بڑا پانی کا ریلہ ہے لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کو فوری طور پرخالی کردیں عوام کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے لہٰذاانسانی جانوں کے تحفظ کیلئے لوگوں کوخطرناک سیلابی صورتحال کے پیش نظر زبردستی محفوظ مقامات تک پہنچایا جائے گا۔وہ گزشتہ روز ہیڈ تریموں ورکس پرسیلابی صورتحال اور ضلعی حکومت کی طرف سے کئے گئے حفاظتی انتظامات اور ریلیف اقدامات بارے ضلعی حکومت اور محکمہ انہار کے افسران کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے موقع پرمتعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر رہے تھے۔ ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمرنے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر خطرات اور پانی کی سطح میں اضافہ بارے لمحہ بہ لمحہ میڈیا ،اشتہارات اور اعلانات کے ذریعے عوام کو آگہی دلائی جارہی ہے اور ریسکیو1122،پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی باہمی کوآرڈی نیشن سے بھرپور ریسکیو آپریشن کے ذریعے عوام کو محفوظ مقامات اور ریلیف کیمپوں میں پہنچایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں قائم ریلیف کیمپوں میں خوراک ،ادویات اور جانوروں کیلئے چارے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے اور اس ضمن میں وہ براہ راست متاثرہ علاقوں میں پہنچ کراپنی ٹیم اور پاک آرمی کی تین کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ڈی سی اونے مزیدبتایا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی معاونت سے ریلیف کے کاموں میں تیزی لائی گئی ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر ریسکیو آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر وں سے بھی مدد حاصل کی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر سرکاری حکا م کوہدایات جاری کیں کہ وہ متاثرین سیلاب کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے حوالہ سے ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کریں اور متاثرین کو خوراک ،ادویات اور دیگر ضروریات کی فراہمی میں ہر گز کمی نہ آنے دیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ، سستی اور لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔وزیر اعلیٰ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا حکومت کو سیلابی صورتحال کے حوالہ سے گائیڈ کر تا رہے ،ہر شخص اس مصیبت کی گھڑی میں اپنا فرض نبھائے اور حکومت اپنا کام کررہی ہے۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ضلع جھنگ کے سیلاب کے متاثرہ علاقوں اور حفاظتی بندوں کا فضائی جائزہ بھی 

جمود کا شکار معیشت کو نچوڑیں تو 4 پیسے مزید نکل آئیں گے مگر معاشی ترقی ممکن نہیں

ملتان(اے این ایف نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین محمد طارق باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے محاصل حکومتی روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لیے ناکافی ہیں اسی لیے حکومت کو اخراجات کے لیے قرضہ لینا پڑتا ہے۔بجٹ میں سب سے زیادہ خرچ 34 یا 35 فیصد صرف قرضوں کی مد میں ہوتا ہے، ٹیکس گزاروں کے لیے نادرا کی مدد سے ٹیکس پیئر کارڈ بنا کر دیں گے اور انہیں مالیاتی و مراعاتی فوائد دیں گے، ٹیکس گزاروں پر ٹیکسوں کی شرح بتدریج کم جبکہ ٹیکس ادا نہ کرنے والوں پر ٹیکسوں کی شرح بڑھائیں گے اور ان سے ٹیکس بھی وصول کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ماڈل کسٹم کلکٹریٹ میں نئی تعمیر شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب، ایوان تجارت و صنعت ملتان اور پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے اراکین سے الگ الگ خطاب میں کیا۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ اگر جمود کا شکار معیشت کو نچوڑیں تو 4 پیسے مزید نکل آئیں گے مگر معاشی ترقی ممکن نہیں، ملکی معیشت کی ترقی سے قرضوں کا بوجھ بھی کم ہو گا، لاکھوں کروڑوں افراد جو اس وقت ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں انہیں ٹیکس نیٹ میں لائیں گے، ٹیکس پیئر کارڈ ہولڈر کو زمین، گاڑیوں کی خریداری و دیگر معاملات میں مراعات ملیں گی جو لوگ ٹیکس دیں گے ان کے کاروباری اخراجات بھی کم کرائیں گے جو ٹیکس نہیں دیں گے ان کے کاروباری اخراجات میں اضافہ ہوتا جائے گا، 100 بڑے ٹیکس گزاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے وزیراعظم نے انہیں سرٹیفکیٹ دیے ہیں، ٹیکس گزار بھی ٹیکس پیئر کارڈ ہولڈر کو مزید مراعات کی فراہمی کے بارے میں تجاویز دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحدیں بہت طویل ہیں، سرحدوں پر جو صورتحال ہے وہ اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ اسمگلنگ کو سرحدوں پر جا کر روکیں، اس کے لیے اینٹی اسمگلنگ اور کسٹم انٹیلی جنس کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا، ایف بی آر میں سیاسی مداخلت ختم کر دی گئی ہے، ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے فعال ہونے اور ریلوے ڈرائی پورٹ کے قیام میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔کسٹم کا شعبہ ریونیو وصولیوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس کا شیئر 11 فیصد ہے جبکہ امپورٹ سطح پر ریونیو کے حوالے سے یہ حصہ 40 فیصد تک ہے، یہ شعبہ معاشی سرحدوں کا بھی محافظ ہے، کسٹم حکام اسمگلرز سے دو قدم آگے بڑھ کر کام کریں، یکم جولائی 2014 سے لیکر اب تک 35 ہزار نئے ٹیکس گزار سامنے آئے ہیں، ہر ماہ ٹیکس پیئر لسٹ اپ ڈیٹ کریں گے، ٹیکس ریفارمز کمیشن بنا رہے ہیں جس میں موجودہ سیاسی حالات کی وجہ سے تھوڑی تاخیر ہو گئی ہے، یہ کمیشن ٹیکس اصلاحات لائے گا جس میں چیمبرز آف کامرس کو بھی نمائندگی دیں گے، کمیشن کی سفارشات پر ٹیکس پالیسیاں بنائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو اس کی باری پر ریفنڈز ادا کیے جا رہے ہیں، 30 ستمبر 2014 تک ٹیکسٹائل سیکٹر کے تمام ریفنڈز واپس کر دیں گے، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرینورز کے 10 لاکھ روپے تک کے ریفنڈ کیس کلیئر کر دیے ہیں، ایف بی آر جو محاصل اکٹھے کرتا ہے اس سے ساڑھے 57 فیصد صوبوں کو دے دیتے ہیں، اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے سخت اور یومیہ بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنولہ پر 5 فیصد جنرل سیلز ٹیکس کے معاملے پر پی سی جی اے اور آئل ملز ایسوسی ایشن کا وفد ان سے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کیلیے آئے۔

ہائیکورٹ نے وزیرِاعظم نواز شریف کے خلاف دائر نااہلی کی اپیل مسترد کردی

لاہور(اے این ایف نیوز ) ہائیکورٹ نے وزیرِاعظم نواز شریف کے خلاف دائر نااہلی کی اپیل مسترد کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ میں وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے خلاف دائر کی گئی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس فیصل زمان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی ۔ درخواست گزار گوہر نواز سندھو نے موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں فوج کے خلاف غلط بیانی کی جس سے وزیراعظم آرٹیکل 62 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ سماعت کے دوران ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعظم کہتے ہیں کہ فوج کو ثالثی نہیں، سہولت کاری کیلئے کہا تو اس میں جھوٹ کہاں ہے، یہ الفاظ کا گورکھ دھندہ ہے، اسمبلیوں کی کارروائی کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔عدالت نے درخواست گزار کی اپیل مستر د کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کیلئے متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے۔

سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں


لاہور (اے این ایف نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں،ریلیف اورریسکیوسرگرمیوں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبے بھر میں بارش اور اس کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورت کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورت حال اور حکومت کی امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف اورریسکیوآپریشن مزید تیز کیاجائے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کر نے کے لیے کشتیاں اورہیلی کاپٹراستعمال کیے جائیں۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ، متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، سیلاب کے ہاتھوں دربدر ہونے والے افراد کے لیے خوراک ،رہائش اورپانی کی کمی نہیں آنی چاہیے۔

ستمبر 1965ءکی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا درخشاں باب ہے۔ وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف

  
لاہور(اے این ایف نیوز )وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ستمبر 1965ءکی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا درخشاں باب ہے۔ یوم دفاع کے موقع پر ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے استحکام کے لئے مل جل کر کام کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔یوم دفاع کے موقع پر باٹاپور میں یوم شہداءپر حاضری کے موقع پر وزیراعلی محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے افسران اور جوان ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کر کے امن کا گہوارہ بنانے کے لئے بیش قیمت قربانیاں دے رہے ہیں، ستمبر1965ءکی جنگ میں پاک افواج نے عزم و ہمت اور جرات و بہادری کی لازوال مثالیں قائم کیں، پاک افواج وطن کے استحکام کےلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی بہادری کی نئی تاریخ رقم کر رہی ہیں۔ وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے دفاع کی جنگ کے دوران قوم نے زبردست وحدت اور اتحاد کا عملی ثبوت دیا،آج پھر 1965ءوالے جذبے اور اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے،یوم دفاع کے موقع پر پاکستان کو معاشی قوت بنانے کے لئے اپنا خون پسینہ ایک کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔

مائی دائی کے تاریخی مزار کا گنبد گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے


لاہور (اے این ایف نیوز) شدید بارش کے باعث مائی دائی کے تاریخی مزار کا گنبد گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کچھ افراد ملبے تلے بھی دبے ہیں۔ واقعے کی طلاعات ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے ۔ صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں گھروں کی چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے اور سیلابی ریلوں میں بہہ کر متعدد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور کئی افراد لاپتہ ہیں جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

Top